Mar ۱۸, ۲۰۲۲ ۱۶:۳۳ Asia/Tehran
  • گورنر راج کی تجویز مسترد، تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنائیں گے، عمران خان

پاکستان میں تیزی سے بدلتی سیاسی صورتحال میں، وزیراعظم عمران خان نے ہارس ٹریڈنگ کے معاملے میں جنوبی صوبے سندھ میں گورنر راج نافذ کرنے کی تجویز مسترد کردی ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم عمران نے کابینہ کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ کی اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا کہ تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے لیے صوبہ سندھ میں فوری طور پر گورنر راج نافذ کیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے سیاسی کمیٹی کے ارکان کو تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کے لیے پوری توانائیاں بروئے کار لانے کا حکم دیا ہے۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ حکومت نے ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت سے متلعق آئین کی دفعہ تریسٹھ الف کی تشریح کے لیے سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد نے بھی صدارتی ریفرنس سے متعلق خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے حکمراں جماعت پی ٹی آئی کے منحرف ارکان اسمبلی سے کہا ہے کہ وہ واپس آجائیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کی حکمران جماعت کے متعدد ارکان اسمبلی گزشتہ روز فیڈرل لاجز کے سندھ ہاؤس چلے گئے تھے جو اس وقت حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد پی ڈیم ایم کی سرگرمیوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان حالیہ چند روز کے دوران متعدد بار حزب اختلاف کی جماعتوں پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام عائد کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتیں ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کوناکام بنانے کے لیے تحریک انصاف کے ارکان کی وفاداریاں پیسے کے ذریعے خرید رہی ہے۔

یاد رہے کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے گزشتہ دنوں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں پیش کردی ہے اور دارالحکومت اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔

ٹیگس