لاہور میں دوسرے ون ڈے میں پاکستان کی جیت
پاکستان نے لاہور میں کھیلا گیا آسٹریلیا کے ساتھ دوسرا ون ڈے جیت لیا ہے
پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور بلے باز امام الحق کی سنچریوں کی بدولت پاکستان نے دوسرے ون ڈے کرکٹ میں ریکارڈ ہدف حاصل کرتے ہوئے آسٹریلیا کو چھے وکٹوں سے شکست دےدی ۔
دونوں ملکوں کے درمیان تیسرا اور آخری میچ دو اپریل کو کھیلا جائے گا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے بازوں نے آسٹریلوی بالروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ پہلے فخر زمان اور امام الحق، اس کے بعد امام الحق اور کپتان بابر اعظم نے سنچری پارٹنرشپ کی ۔
پاکستان کے بلے باز فخر زمان نے اس کامیابی میں سڑسٹھ رن کے ساتھ جبکہ محمد رضوان نے تیئس، خوشدل شاہ نے ستائیس اور افتخار احمد نے گیارہ رن کے ساتھ اپنا حصہ ڈالا۔
پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم نے تین سو انچاس رن کا ہدف انچاسویں اوور کی آخری گیند پر حاصل کیا۔