Apr ۱۳, ۲۰۲۲ ۲۲:۰۳ Asia/Tehran
  • پاکستان کے وزیر اعظم کا کراچی دورہ، ہر ممکن تعاون کیا جائے گا  repeated

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو یقین دلایا ہے وفاقی حکومت کی جانب سے ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

ایک روزہ دورے پر کراچی میں موجود وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بڑی خوشی ہوئی کہ ٹرانسپورٹ، پانی اور دیگر اہم منصوبوں میں مراد علی شاہ صاحب اور ان کی ٹیم محنت سے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور ان کی ٹیم کے ساتھ آج مفید گفتگو ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے مراد علی شاہ صاحب سے دو، تین گزارشیں کی ہیں، ایک یہ کہ کراچی سرکولر ریلوے کے منصوبے کو سی پیک کا حصہ بنوائیں، شروع میں چائنیز اتھارٹی نے اسے سی پیک میں شامل کرنے پر غور کرنے کا اشارہ بھی دیا تھا لیکن اس کے بعد حالات بدل گئے، ان شا اللہ ہم پوری کوشش کریں گے کہ اسے سی پیک کا حصہ بنانے کے لیے چینی حکومت سے درخواست کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پینے کے پانی کا مسئلہ بہت بڑا چیلنج ہے، اس کے لیے ہم نے بڑی تفصیل سے گفتگو کی، کراچی میں پینے کے پانی کی جتنی بھی طلب ہے اس کا نصف 2024 تک پورا کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا، میں نے متعلقہ ذمہ داران اور مراد علی شاہ کو گزارش کی ہے کہ نصف نہیں مکمل طلب کو 2024 تک پورا کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے مراد علی شاہ صاحب کو تجویز دی کہ کراچی کے لیے ہزاروں کی تعداد میں ایئر کنڈیشن بسیں منگوائی جائیں، اچھی شہرت کے حامل ٹرانسپورٹز کو ساتھ ملا کر اس منصوبے کو آگے بڑھایا جائے اور اس پر سروس چارجز کو وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر برداشت کرے تو یہ ٹرانسپورٹرز کے لیے بھی بہت مفید ہوگا۔

ٹیگس