پاکستان اقلیتوں کے حقوق کو اولین ترجیح دیتا ہے: وزارت خارجہ
پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کو اولین ترجیح دیتا ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کرتارپور راہداری کے غلط استعمال سے متعلق ہندوستانی بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس بیان کا مقصد سکھ یاتریوں کے لیے کرتارپور صاحب راہداری کھولنے کے اقدام اور “امن کی راہداری” کو بدنام کرنا اور دنیا کی توجہ مسلمانوں پر مظالم سے ہٹانا ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ پاکستان میں ہر کمیونٹی کے مذہبی مقامات کے تقدس کو یقینی بنایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے حال ہی میں ہندوستان سے 2000 سے زائد سکھ یاتریوں کی میزبانی کی۔
یاد رہے کہ ہندوستان سے پاکستان جانے والے سکھ یاتریوں کی سہولت کے لئے کرتار پور راہداری کا گزشتہ سال 9 نومبر کو پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے باقاعدہ افتتاح کیا تھا۔ عمران خان نے اپنے خطاب میں اس راہداری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ہندوستان کے ساتھ اپنے تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی خواہش کا بھی اعلان کیا تھا۔
کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے ہندوستان کے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ، سابق کرکٹر اور سیاستداں نوجوت سنگھ سدھو سمیت ہندوستان کی اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی تھی ۔