Apr ۲۵, ۲۰۲۲ ۲۲:۱۲ Asia/Tehran
  • پاکستانی عوام کے لئے خوشخبری

پاکستان کے وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں فوری طورپر اضافہ نہیں ہو رہا۔

انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام 'کیپٹل ٹاک' میں کہا کہ پیٹرول پر امیر لوگوں کو سبسڈی نہیں دینی چاہیے، غریب طبقے کو ریلیف دینے کی کوشش کریں گے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملک کی اسٹاک مارکیٹ میں بہتری آرہی ہے اور تاجر برادری جانتی ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ "آئی ایم ایف" سے مذاکرات کامیاب ہو رہے ہیں، اس سے روپے کے اوپر دباؤ کم ہوگا اور اب ملک کی معیشت سیاست کی نذر نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کی کئی وجوہات ہیں جن میں سے ایک روپے کی قدر کا بہت زیادہ گرنا ہے، اس کے علاوہ سابق حکومت کی انتظامی غلطیاں، مہنگی بجلی، حکومتی قرضے اور ایندھن کی درآمدی قیمتوں کا بڑھنا مہنگائی کے عوامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دور میں مہنگے فرنس آئل سے مہنگی بجلی بنائی گئی جو مہنگائی کا ایک فیکٹر ہے، ہم گیس سے سستی بجلی بنائیں گے، ملک میں طرز حکومت کو بہتر بنائیں گے، بجٹ خسارہ قابو کریں گے اور آئندہ 3 سے 4 ماہ کے دوران ملک میں بہتری نظر آئے گی۔

پیٹرول کی قیمت میں اضافے سے متعلق سوال پر مفتاح اسمٰعیل کا کہنا تھا کہ پیٹرول پر امیر لوگوں کو سبسڈی نہیں دینی چاہیے، تاہم غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف دینے کی کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ فوری طورپر پیٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں ہو رہا ہے، عوام کو گاڑیوں کے ٹینک پیٹرول سے بھرنے کی ضرورت نہیں، کوشش کریں گے کہ جب قیمتیں بڑھانیں پڑے تو غریب کو ریلیف دیں اور ان پر کوئی بوجھ نہیں ڈالیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ غریب پر مزید بوجھ نہیں ڈالنا، اگر یکم مئی کو پیٹرول مہنگا ہوا تو بھی اس کے مختلف مراحل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہم ایک منصوبہ تیار کریں گے کہ کس طرح سے نچلے طبقے کو ریلیف اور تحفظ دینا ہے۔

ٹیگس