Apr ۲۶, ۲۰۲۲ ۲۲:۲۰ Asia/Tehran
  • پاکستان میں نئی مردم شماری، مئی 2023 کے بعد ہی ہوں گے عام انتخابات

پاکستان کے الیکشن کمیشن نے عندیہ دیا ہے کہ اگر نئی مردم شماری کی جاتی ہے تو اگلے عام انتخابات مئی 2023 سے پہلے ممکن نہیں ہوں گے۔

ای سی پی سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کی جانب سے 18 اپریل کو خط میں کہا گیا ہے کہ ملک کی ساتویں مردم شماری اور خانہ شماری یکم اگست 2022 سے شروع کی جائے گی۔

بیان کے مطابق ای سی پی کو نئی مردم شماری کے نتائج 31 دسمبر 2023 تک فراہم کردیے جائیں گے۔

ای سی پی نے کہا کہ اس صورت میں 2017 کی مردم شماری کے تحت کی گئیں حلقہ بندیاں غیرمؤثر ہوجائیں گی اور نئی مردم شماری کے تحت یکم جنوری 2023 سے نئی حلقہ بندیاں کرنا ہوں گی، جو کم ازکم 4 ماہ میں مکمل ہوں گی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ نئی حلقہ بندیوں کی تکمیل پر عام انتخابات مئی 2023 کے بعد ممکن ہوں گے۔

قبل ازیں رواں ماہ کے شروع میں الیکشن کمیشن نے ڈیجیٹل مردم شماری کا انتظار کیے بغیر ہنگامی بنیاد پر قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی حلقہ بندی کا حکم دیا تھا۔

ای سی پی نے نئی حلقہ بندیوں اور ملک بھر میں نئی انتظامی اکائیوں کی حد بندی روکنے کا اعلان کیا تھا۔

ٹیگس