مسلم لیگ کے اہم رہنماؤں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج
سندھ ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے اہم رہنماؤں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سےخارج کرنے کے خلاف درخواست مسترد کردی ہے۔
کراچی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے جمعرات کی شام سید محمود اختر نقوی کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے اس کو خارج کردیا۔
سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس احمد علی ایم شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اس درخواست کی ابتدائی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا ۔ اس درخواست میں موجودہ وزیراعظم سمیت دوسو سے زائد ہائی پروفائل افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کے وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا گیا تھا۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ قومی احتساب بیورو اور وفاقی تحقیقاتی ادارے کی سفارش پر ان ’’ہائی پروفائل ملزمان‘‘ کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئےتھے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ ان سیاستدانوں کے نام ای سی ایل سے نکالنے کے فیصلے کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیا دیا جائے ۔عدالت نے اپیل کنندہ کے دلائل سننے کے بعد درخواست کو نا قابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔