Apr ۳۰, ۲۰۲۲ ۱۹:۵۰ Asia/Tehran
  • پاکستان کے پنجاب صوبے میں آئینی بحران

وزیر اعلا پنجاب کی حیثیت سے حمزہ شہباز کے حلف اٹھانے کے بعد صوبے میں آئینی بحران کا دعوا کیا گیا ہے۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے اسپیکر چودھری پرویز الہی نے حمزہ شہباز کے بحثیت وزیر اعلا حلف لینے کے بعد کہا ہے کہ صوبے میں بقول ان کے آئینی بحران آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسلم لیگ نون کے لوگوں نے اٹھائیس دن انتظار کرلیا ہوتا تو آئینی بحران نہ ہوتا۔
انہوں نے دعوی کیا کہ حمزہ شہباز وزیر اعلا نہیں ہیں کیونکہ، بقول ان کے وزیر اعلا کا الیکشن متنازع نہیں، بلکہ الیکشن ہوا ہی نہیں۔

اسی کے ساتھ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے حمزہ شہباز کی بحثیت وزیر اعلا حلف برداری کا جائزہ لینے کے لئے آئینی ماہرین کا ہنگامہ اجلاس طلب کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی صدارت میں ہونے والے اس اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی جانے والی پٹیشن کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
دوسری طرف عہدے کا حلف لینے کے بعد حمزہ شہباز نے چودھری پرویز الہی پر قانون کی خلاف ورزی اور گورنر پنجاب پر ہائی کورٹ کے فیصلوں کا مذاق اڑانے کا الزام لگایا ہے۔
یاد رہے کہ گورنر پنجاب کی جانب سے حمزہ شہباز کو بحیثیت وزیر اعلا حلف دلانے سے انکار کے بعد بالآخر سنیچر کو عدالت کے حکم پر تقریب حلف برداری منعقد ہوئی اور اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے حمزہ شہباز کو عہدے کا حلف دلایا جس کے بعد انہوں نے وزیر اعلا کا عہدہ باضابطہ طور پر سنبھال لیا۔

تقریب حلف برداری کے بعد حمزہ شہباز کو وزیر اعلا ہاؤس میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

ٹیگس