پاکستان: گستاخانہ بیانات کے خلاف ارکان پارلیمنٹ کی احتجاجی ریلی
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہندوستان کی حکمراں جماعت بی جے پی کے رہنماؤں کے گستاخانہ بیانات کے خلاف آج ارکان پارلیمنٹ نے احتجاجی ریلی نکالی۔
اراکین، پارلیمنٹ ہاؤس سے ہندوستانی ہائی کمیشن کے لیے روانہ ہوئے۔ اس موقع پر انہوں نے بازؤوں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں اور ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی قیادت میں نکالی گئی ریلی کے شرکاء پارلیمنٹ ہاؤس سے ہندوستانی ہائی کمیشن تک ریلی کی شکل گئے، جہاں انہوں نے بی جے پی رہنماؤں کی جانب سے گستاخانہ بیانات کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ نبی اکرم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم پوری دنیا کے لیے رحمت بناکر بھیجے گئے ہیں ۔ گستاخانہ بیانات سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی سینیٹ نے ہندوستان کی حکمراں جماعت بی جے پی کے رہنماؤں کی جانب سے گستاخانہ بیانات کے خلاف مذمتی قرارداد بھی منظور کی تھی۔