Jul ۱۱, ۲۰۲۲ ۲۳:۰۴ Asia/Tehran
  • کراچی،شدید بارش سے متعدد علاقے ڈوب گئے، نظام زندگی معطل

پاکستان کے شہر کراچی میں عید الاضحیٰ کے دوسرے روز مسلسل موسلادھار بارش کے باعث شہر کے بیشتر علاقے ڈوب گئے، اہم شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کرنی لگیں اور نظام زندگی معطل ہوگیا، سب سے زیادہ بارش ڈیفنس میں 233 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔

سحر نیوز/ پاکستان : کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے شروع ہونے والا موسلا دھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے دوپہر کے اختتام تک جاری رہا جس کے سبب کراچی میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے اندازے پھر غلط ثابت ہوگئے، عید پر ہلکی بارش اور پھوار کی پیشگوئی درست ثابت نہ ہوسکی، غیر معمولی مون سون بارشوں کے سبب آدھا شہر اربن فلڈنگ کی نذر ہوگیا، کئی علاقے ڈوب گئے، ملیرندی سمیت مضافاتی علاقوں کے قریب رہائش پذیرآبادی کو نقل مکانی کرنا پڑی، شہر کی کئی مرکزی اور ذیلی شاہراوں پر کئی کئی فٹ پانی نے معمولات زندگی کو مفلوج کردیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارش نے نئے ریکارڈ قائم کردیے، مون سون کا پہلا اسپیل 3 ماہ کی اوسط بارشوں سے زیادہ برس گیا، سب سے زیادہ بارش ڈی ایچ اے میں 233.2 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، منگل کی رات سے تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب کمپنیوں نے عید کے پہلے اور دوسرے روز پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل معطل رکھی۔ کمپنیاں پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل بحال کرنے کے لیے پانی اترنے کا انتظار کررہی ہیں۔

ٹیگس