Aug ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۶:۳۲ Asia/Tehran
  • پاکستانی فوج کے لاپتہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا، کور کمانڈر سمیت تمام افسران جاں بحق

پاکستانی فوج کے لاپتہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا، سوار تمام افراد جاں بحق ہو گئے

پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں فوج کے لاپتہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ہے، ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔

پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے بتایا ہے کہ جاں بحق افراد میں ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد، کمانڈر انجینئر 12 کور بریگیڈیئر محمد خالد، میجر سعید احمد، میجر محمد طلحہٰ منان اور کریو چیف نائیک مدثر فیاض شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر سیلاب زدگان کے ریلیف آپریشنز میں مصروف تھا، حادثے سے متعلق مزید تفصیلات تحقیقات کے بعد شیئر کی جائیں گی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے بتایا ہے کہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ خضدار میں موسیٰ گوٹھ سے مل گیا ہے، ہیلی کاپٹر کو حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا۔

قبل ازیں ڈی آئی جی خضدار پرویز عمرانی کے مطابق پولیس حکام کو کور کمانڈر کوئٹہ کے حادثے کے شکار ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا ہے مذکورہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ سسی پنہوں کے مزار کے قریب موسیٰ گوٹھ کے قریب واقع پہاڑ سے ملا ہے۔

ایس ایس پی لسبیلہ کے مطابق ہیلی کاپٹر مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے، جس کے بکھرنے والے ملبے سے 2 لاشیں مل گئی ہیں، جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ بلوچستان میں فوجی ہیلی کاپٹر لاپتہ ہو گیا ہے جس میں کور کمانڈر کوئٹہ سمیت 6 افسران سوار تھے، افسران لسبیلہ میں سیلاب متاثرین کے امدادی مشن پر تھے۔

پاکستان کے صدرِ ڈاکٹر عارف علوی، وزیرِ اعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر شخصیات کی جانب سے ہیلی کاپٹر کے لاپتہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

 

ٹیگس