پاکستان میں جبری گمشدگیاں بند کرنے کا مطالبہ
پاکستان میں، سماجی اور انسانی حقوق کے کارکنوں، سیاستدانوں اور قانون دانوں نے ملک میں جبری گمشدگیوں کا سلسلہ روکنے اور ان میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق جبری گمشدگیوں کے عالمی دن کی مناسبت سے، اسلام آباد میں انسانی حقوق کمیشن ، ایچ آرسی پی کے صدر دفتر کے سامنے مظاہرہ کیا گیا ۔ اس مظاہرے میں بڑی تعداد میں سماجی اور انسانی حقوق کے کارکنوں، وکیلوں اور سیاستدانوں نے شرکت کی۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ جبری گمشدگیوں کا سلسلہ روکا جائے اور ان میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔مظاہرین نے ریاستی اداروں اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کے دائرہ کار کے تعین کے لئے قوانین متعارف کرانے کا عمل یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا ۔ اس رپورٹ کے مطابق اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر سیاستدان فرحت اللہ بابر نے کہا کہ جبری گمشدگیوں کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے ایک نئے قانونی ڈھانچے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے اسی کے ساتھ انٹیلیجنس اداروں کو قانون کے دائرے میں لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔