پاکستان کے لئے اچھی خبر، ٹاپ 10 میں شامل
Oct ۰۳, ۲۰۲۲ ۲۲:۴۳ Asia/Tehran
پاکستان ایف اے ٹی ایف کے معیارات پر عمل درآمد کرنے والے ٹاپ 10 ممالک میں شامل ہوگیا جس کے بعد اب پاکستان کا گرے لسٹ سے نکلنے کا مضبوط امکان پیدا ہوگیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: 17 اکتوبر سے 21 اکتوبر تک ایف اے ٹی ایف کا اجلاس منعقد ہوگا۔ ذرائع کے مطابق 21 اکتوبر کو پاکستان کا فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کا قوی امکان ہے کیوں کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی تمام شرائط پوری کرچکا ہے۔
فیٹف ٹیم نے اگست کے آخری اور ستمبر کے پہلے ہفتہ تک پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کے اقدامات پر فیٹف کی ٹیکنیکل ٹیم مطمئن ہوکر واپس گئی تھی اور ٹیم نے تمام متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیٹف جائزہ ٹیم کا مقصد قوانین پر عمل درآمد کے لیے پولیٹیکل وِل کو سمجھنا تھا۔ فیٹف اجلاس کے اختتام پر 21 اکتوبر کو پیرس میں پریس کانفرنس ہوگی۔