شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کا 145 واں یوم پیدائش آج
شاعر مشرق اور بر صغیر کے شہرۂ آفاق عظیم مفکر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 145 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے، مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔
سحر اردو/پاکستان: 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں آنکھ کھولنے والے علامہ محمد اقبال نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر میں حاصل کی اور پھر لاہور کا رخ کیا، 1899 میں ایم اے کرنے کے بعد اورینٹل کالج میں شعبہ درس و تدریس سے وابستہ ہوگئے اور اس دوران شاعری بھی جاری رکھی۔
علامہ محمد اقبال نے 1910 میں جرمنی سے وطن واپسی کے بعد وکالت کے ساتھ سیاست میں بھی حصہ لینا شروع کیا اور اپنی شاعری کے ذریعے فکری اور سیاسی طور پر منتشر مسلمانوں کو خواب غفلت سے جگایا، 1934 کو مسلم لیگ کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کے رکن بنے تاہم طبیعت نے ان کا ساتھ نہ دیا اور وہ تقسیم پاک و ہند سے 9 برس قبل 21 اپریل 1938 کو لاہور میں اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔
شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کی پیدائش کے موقع پر مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی جہاں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کی ذمہ داری سنبھا لی جبکہ مہمان خصوصی پاک بحریہ کے سٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور ساجد کی جانب سے مزاراقبال پر پھول بھی چڑھائے گئے۔
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے شاعر مشرق حکیم الامت، علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کی مناسبت سے عام تعطیل کی منظوری دی ہے۔ آج کے دن وفاقی اور صوبائی ادارے بند رہیں گے جبکہ ملک کے تمام نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں، اسٹیٹ بینک سمیت دیگر وفاقی اور صوبائی محکموں میں بھی آج چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔
تاہم سپریم کورٹ میں آج تعطیل نہیں ہوگی، سپریم کورٹ میں آج معمول کے مطابق کیسز کی سماعت ہوں گی۔
اسی کے ساتھ وزیراعظم شہباز شریف نے علامہ اقبال کی شخصیت کے حوالے سے تفصیلی پروگراموں کی تیاری کے لئے سینیٹر عرفان صدیقی کی قیادت میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔
کمیٹی محکمہ قومی ورثہ و ثقافتی ڈیویژن کمیٹی اور اقبال اکیڈمی کے تعاون سے اپنا کام تین روز میں مکمل کرے گی۔
ایران میں اقبال لاہوری سے مشہورحکیم الامت علامہ محمد اقبال نے اپنی شاعری سے امت مسلمہ کو یکجہتی کا پیغام دیا، نوجوانوں میں خودی کا جذبہ پیدا کیا اور قوم کو حریت و بیداری کا سبق دیا۔