بنوں سی ٹی ڈی سینٹر پر دہشت گردوں کا حملہ، پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا
پاکستان کے ضلع بنوں میں دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی سینٹر میں پولیس والوں کو یرغمال بنا لیا ہے، وہ ہوائی راستے سے افغانستان کی جانب محفوظ انخلا کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
سحرنیوز/ پاکستان: پاکستانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق ضلع بنوں میں دہشت گردوں نے ایک سی ٹی ڈی مرکز میں پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ دہشت گرد سی ٹی ڈی سینٹر کے اندر تفتیش کی غرض سے بند تھے اور انہوں نے پولیس والوں سے ہتھیار چھین کر خود تفتیشی اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا ، اس واقعے میں دو پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔
کی پی چیف منسٹر کے مشیر خاص بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ صورتحال کنٹرول میں ہے اور سیکیورٹی اداروں نے آپریشن شروع کر دیا ہے۔میڈیا ذرائع کے مطابق اس واقعے کے بعد پولیس اور فوج کے کمانڈوز تیزی سے سے جائے وقوعہ پر پہنچا اور علاقے میں فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی جا رہی ہیں جب کہ علاقے کے رہائشیوں کو گھروں کے اندر رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی مرکز پر حملے کی متضاد اطلاعات گردش کر رہی ہیں جن کے مطابق دہشت گردوں نے باہر سے حملہ کرکے سی ٹی ڈی سینٹر میں موجود اہلکاروں کو یرغمال بنایا ہے۔ایک ویڈیو میں ایک دہشت گرد آٹھ پولیس اہلکاروں کے یرغمال بنائے جانے کا کہہ رہا ہے ، وہ اپنے 35 ساتھی دہشت گردوں کے پاکستان سے افغانستان محفوظ ہوائی راستہ کا مطالبہ کررہے ہیں۔یاد رہے کہ ہفتہ کے دن لکی مروت میں دہشت گردوں نے ایک پولیس اسٹیشن پر رات گئے دھاوا بول دیا تھا جس سے چار پولیس اہلکا جاں بحق ہوگئے تھے۔