Dec ۳۱, ۲۰۲۲ ۰۹:۴۰ Asia/Tehran
  • اسلام آباد میں پولنگ مراکز پر مکمل سناٹا، پولنگ شروع نہ ہو سکی

پولنگ اسٹیشن کے گیٹ بند ہونے پر ووٹرز نے قطار میں کھڑے ہو کر احتجاج ریکارڈ کرایا۔

سحر اردو/پاکستان: اسلام آباد ہائیکورٹ کے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی الیکشن کرانے کے حکم کے باوجود شہر اقتدار میں پولنگ سٹیشنز پر مکمل سناٹا ہے جبکہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ شروع نہیں ہو سکی۔

الیکشن کمیشن کا عملہ بھی متعلقہ پولنگ اسٹیشنز تک نہ پہنچ سکا جبکہ اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ 8 بجے شروع ہونی تھی۔

دوسری جانب آج صبح الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد میں شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کرانے کا سنگل بنچ کا فیصلہ چیلنج کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی، درخواست میں رہنما جماعت اسلامی میاں اسلم اور علی نواز اعوان کو فریق بنایا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے انٹرا کورٹ اپیل پر آج ہی سماعت کی استدعا کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے موقف اختیار کیا ہے کہ اتنے کم وقت میں بلدیاتی انتخابات کرانا ممکن نہیں، 14 ہزار سے زائد عملہ، سکول ٹیچرز اور دیگر ملازمین سرما کی تعطیلات پر ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو آج (31 دسمبر 2022) کو وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا تاہم وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن کو سکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کر لی تھی اوراس طرح الیکشن عملہ غائب رہا جبکہ اسلام آباد کی ایک یونین کونسل میں بلدیاتی انتخابات کے لیے ووٹرز ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے پہنچ گئے۔

اسلام آباد کے علاقے سیدپور گاؤں یونین کونسل 1 میں ووٹرز پولنگ کے لیے پہنچ گئے۔ پولنگ اسٹیشن کے گیٹ بند ہونے پر ووٹرز نے قطار میں کھڑے ہو کر احتجاج ریکارڈ کرایا۔ یونین کونسل 37 میں بھی ووٹرز کی طرف سے ووٹنگ نہ کرانے پر شدید احتجاج کیا گیا۔

 

ٹیگس