Jan ۱۱, ۲۰۲۳ ۰۹:۲۰ Asia/Tehran
  • پاکستان کے لیجنڈ کامیڈین ماجد جہانگیر کی افسوسناک موت

پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف سینئر اداکار و کامیڈین ماجد جہانگیر لاہور میں انتقال کر گئے۔

سحر نیوز/پاکستان: پاکسانی ذرائع کے مطابق اداکار ماجد جہانگیر گزشتہ روز انتقال کر گئے۔ ماجد جہانگیر ایک ماہ قبل گھر پر بیڈ سے گرگئے تھے جس کے باعث ان کی ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر ہوگیا تھا. بتایا جاتا ہے کہ ماجد جہانگیر کو سانس کا مرض بھی لاحق تھا جو بعد میں شدت اختیار کر گیا تھا۔

کامیڈی سیریز ففٹی ففٹی میں اپنے کام سے شہرت حاصل کرنے والے ماجد جہانگیر کو سانس کی بیماری کے سبب نومبر دوہزار بیس میں لاہور کے ایک ہسپتال میں تشویشناک حالت میں داخل کیا گیا تھا۔

کچھ برس قبل انہیں فالج اٹیک کا بھی سامنا ہوا۔ جہانگیر کو ففٹی ففٹی میں ان کی یادگار کارکردگی پر پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ پاکستان کا سب سے بڑا اعزاز بھی دیا گیا۔ انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک (پی ٹی وی) کے لیے بائس سال کام کیا اور چار فلموں میں اداکاری بھی کی۔

پاکستانی ذرائع کے مطابق دوہزار اکیس میں مزاحمیہ ڈرامے ففٹی ففٹی کے معروف اداکار ماجد جہانگیر نے فالج میں اٹیک ہو جانے کے بعد مالی ناتوانی کے باعث احتجاج کرتے ہوئے سڑک پر آگئے تھے اور انہوں نے حکومت سے امداد کی اپیل کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ "حکومت نے فنی خدمات کے اعتراف میں مجھے تمغہ امتیاز تو ضرور دیا مگر مالی امداد نہیں کی"۔

تصویر: جیو نیوز

اسی کی دہائی کے سپر ہٹ ڈرامے میں پاکستانی عوام کے لبوں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے جہانگیر نے فالج کے سبب کام کاج سے ناتواں ہو جانے کے بعد صدرِ پاکستان اور دیگر حکومتی اداروں سے امداد کی اپیل کی تھی۔

سوشل میڈیا پر گردش کر رہی خبروں کے مطابق انتقال کے بعد ان کا جنازہ اسپتال میں کسمہ پرسی کے عالم میں کئی گھنٹوں تک رکھا رہا اور کوئی اُن کا پرساں حال وہاں نظر نہیں آیا۔ خبروں میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ پاکستان کے بڑے چینلوں نے ان کے انتقال کی خبروں کو بھی کوریج نہیں دی۔

سامنے آنے والی ویڈیوز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان کے دو بیٹوں اور دو بیٹیوں کے ہوتے ہوئے ان کی تیمارداری کی ذمہ داری انکی منھ بولی بیٹی آسیہ کے کانھوں پر تھی جو انتقال کے وقت تک انکے ہمراہ رہیں۔

ٹیگس