بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی کی سبقت
کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات کے نتایج تاخیر کا شکار ہوگئے ہیں جس پر سیاسی جماعتوں نے شدید برھمی کا اظہار کیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق حیدرآباد سمیت صوبے کے سولہ اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور نتائج تاخیر کا شکار ہوگئے ہیں۔
انتخابی نتائج میں تاخیر پر جماعت اسلامی کے ساتھ ساتھ صوبے کی حکمراں جماعت پیپلزپارٹی نے بھی الیکشن کمیشن سے سخت احتجاج کیا ہے۔
کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج میں تاخیر پر پیپلز پارٹی نے تشویش ظاہر کی جبکہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف نے دھاندلی کے الزامات لگائے ہیں۔
صوبائی الیکشن کمشنر انتخابی نتائج میں ہونے والی تاخیر کو قبول کیا ہے تاہم دھاندلی کے الزام کو سختی کے ساتھ مسترد کردیا ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا عمل پیچیدہ ہوتا ہے اور امید ہے کہ شام تک حتمی نتائج سامنے آجائیں گے۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق صوبے کی حکمراں جماعت پیپلز پارٹی دیگر جماعتوں سے آگے ہے۔
پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی تینوں نے اپنی اپنی کامیابی کے دعوے کیے ہیں اور کہا ہے کہ کراچی کا اگلا میئر ان کی جماعت سے ہوگا۔
واضح رہے کہ صوبے کی ایک اور سیاسی جماعت ایم کیو ایم نے حلقہ بندیوں کے معاملے پر احتجاج کرتے ہوئے حالیہ انتخابات سے عین موقع پر کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔
ایم کیو ایم کا دعوی ہے کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں ٹرن آوٹ بہت کم رہا ہے جو ہمارے موقف کی فتح ہے۔