دہشت گردی کو کون واپس لایا، شہبازشریف کا سوال
پاکستان کے وزیراعظم نے دہشت گردی کے خاتمے کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ فوری اور مناسب اقدامات نہ کیے تو دہشتگردی پورے ملک میں پھیل جائے گی۔
سحر نیوز/ پاکستان: وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردی دوبارہ سر اٹھارہی اور پاکستان کا امن خراب ہورہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سوال یہ ہے کہ ان دہشت گردوں کو کون واپس لایا؟ کس نے کہا تھا یہ جہادی ہیں اور پاکستان کے دوست ہیں؟ کس نے کہا تھا ان لوگوں نے ہتھیار ڈال دیے اور یہ ملک کی ترقی میں حصہ لیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سانحہ پولیس لائنز پشاور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے لیے گذشتہ دس برسوں میں چار سو سترہ ارب روپے صوبہ خیبرپختونخوا کو ادا کیے جا چکے ہیں اور آج وہ کہتے ہیں کہ ہمارے پاس وسائل نہیں ہیں تو پھر اتنی بڑی رقم کہاں استعمال ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ میں سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں کررہا بلکہ حقائق پر بات کررہا ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستان کے صوبہ خیبر پختون خواہ میں پچھلے دس برس سے سابق وزیراعظم عمران خان کی قیادت والی جماعت تحریک انصاف کی حکومت رہی ہے۔