Mar ۰۳, ۲۰۲۳ ۰۸:۲۰ Asia/Tehran
  • کیا حکومت پاکستان نےآئی ایم ایف کو راضی کرنے کیلئے آخری کڑوی گولی بھی نگل لی

پاکستان کی جانب سے چاروں شرائط پر عمل درآمد کے حوالے سے آئی ایم ایف جائزہ مشن کو آگاہ کردیا گیا ہے جبکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے تک آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف سطح کے معاہدے پر دستخط کا امکان ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: پاکستان نے شرح میں اضافے سمیت چار پیشگی شرائط پر عملدرآمد کر کے آئی ایم ایف کو ایک ای میل بھیج کر اقدامات سے آگاہ کر دیا ہے۔

وزارتِ خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کی تقریباً تمام شرائط پوری کردی ہیں اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے متعلق دوست ممالک کی جانب سے فنانسنگ کی یقین دہانیوں کے بارے بھی آئی ایم ایف کو آگاہ کر دیا گیا ہے، گزشتہ دو تین دنوں میں اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور اب شرح سود میں اضافہ کر کے بیس فیصد کردیا گیا ہے۔

پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ طے کردہ پیشگی اقدامات پر عملدرآمد سمیت اب تک اٹھائے جانے والے اپنے اقدامات سے آئی ایم ایف کو باضابطہ طور پر آگاہ بھی کردیا ہے۔ پاکستان ان شرائط میں سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے چکا ہے، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر بھی کم کر دی گئی ہے اس کے علاوہ پاکستان نے کسان پیکج  اور برآمدی شعبے کیلئے بجلی کے بلوں پر سبسڈی ختم کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے۔

دوسری طرف وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ تمام اقتصادی اشاریے آہستہ آہستہ درست سمت میں بڑھ رہے ہیں پاکستان مخالف عناصر پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے بارے بدنیتی پر مبنی افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ پاکستان ڈیفالٹ ہو سکتا ہے جو نہ صرف سراسر جھوٹ ہے بلکہ حقائق کے بھی خلاف ہے کیونکہ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں۔

جبکہ مسلم لیگ کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے آئی ایم ایف سے معاہدہ ہونے پر بھی ڈیفالٹ کا خطرہ نہیں ٹلے گا۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے اسٹاف لیول معاہدے سے قبل ہی پاکستان پر متعدد شرائط پوری کرنے کیلئے دباؤ ڈالا تھا۔ 

پاکستانی ذرائع ابلاغ اور ماہرین آئی ایم ایف کے معین کردہ شرائط کو ملک کے لئے کڑوی گولی سے تعبیر کر رہے ہیں۔

ٹیگس