Mar ۰۶, ۲۰۲۳ ۰۹:۲۸ Asia/Tehran
  • پاکستان کے معروف اداکار محمد قوی خان انتقال کر گئے

پاکستان شوبز انڈسٹری کا معتبر نام اور لیجنڈری اداکار محمد قوی خان کے انتقال پر شوبز شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: اداکار قوی خان کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے اور کچھ عرصے سے علاج کی غرض سے اپنے بچوں کے پاس کینیڈا میں ہی مقیم تھے.

قوی خان 1942 میں پشاور میں پیدا ہوئے، انہوں نے ٹی وی، تھیٹرز، فلموں اور ریڈیو میں اپنے فن کے جوہر دکھائے ہیں۔ حکومت نے رواں سال انہیں پاکستان کے سب سے بڑے ایوارڈ "نشان پاکستان" کیلئے بھی نامزد کر رکھا تھا، اس کے علاوہ انہیں ریڈیو اور پاکستان ٹیلی ویژن نے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا ہے۔

اداکار قومی خان نے لاکھوں میں تین، الف نون، اندھیرا اجالا، دن، انگار وادی، آشیانہ جیسے ڈراموں میں کام کیا، ٹائیگر گینگ، مٹی کے پتلے، سوسائٹی گر، بیگم جان، سرفروش جیسی فلموں میں بھی اداکاری کی۔

اداکار قوی کینیڈا کے وان شہر کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔ بیٹے عدنان قوی خان کے مطابق وہ جگر کے کینسر میں مبتلا تھے اور انتقال کے وقت ان کی عمر 80 برس تھی۔

پاکستان کے صدر، وزیر اعظم، عمران خان اور شوبز شخصیات نے لیجنڈری اداکار محمد قوی خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

ٹیگس