Apr ۰۶, ۲۰۲۳ ۱۱:۲۹ Asia/Tehran
  • پاکستان میں چوبیس گھنٹے گیس فراہم نہیں کر سکتے: پیٹرولیم کے وزیر مصدق ملک

پاکستان میں پیٹرولیم کے وزیر مصدق ملک نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملک میں چوبیس گھنٹے گیس فراہم نہیں کی جاسکتی کیونکہ ملکی گیس کے ذخائر تیزی سے ختم ہو رہے ہیں۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم کے وزیر مصدق ملک نے کراچی چیمپر آف کامرس اور انڈسٹری کےممبران سے ملاقات اور بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ملک میں سحر اور افطار کے اوقات میں گیس کی سپلائی جاری رہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے گیس کے ذخائر سالانہ 10 فیصد کی شرح سے کم ہو رہے ہیں اور ابھی ہمارے پاس پورے ملک کے لئے صرف 1600 ملین مکعب میٹر گیس موجود ہے جب کہ اس کی ڈیمانڈ مسلسل بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کوشش کرے گی کہ عام غریب عوام کو گیس کی سپلائی ترجیحی بنیادوں پر جاری رہے لیکن اس حوالے سے نئے گیس کنیکشن جاری کرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چند سال پہلے تک صوبہ سندھ کےپاس اضافی گیس کی سپلائی تھی جو ابھی شارٹیج میں بدل گئی ہے کیونکہ اس کی ڈیمانڈ مسلسل بڑھ رہی ہے۔

پٹرولیم کے وزیر نے پاکستانی صنعت کو گیس کی سپلائی سے متعلق مشکلات کے حوالے سے کہا کہ قدرتی گیس اور مہنگی آر ایل این جی کے امتزاج سے اس بحران سے نمٹا جا سکتا ہے۔انہوں نے سستے خام تیل کی خرید کےلئے روس سے تیل کی خرید کے معاہدے کا بھی ذکر کیا جس سے سستا فیول فراہم ہو سکے گا۔

رپورٹ کے مطابق صنعت کاروں نے گیس کی سپلائی کے حوالے سےبات کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مقامی پروڈکشن اور ایکسپورٹ بری طرح متاثر ہو رہی ہیں اور مہنگی گیس اور بجلی اور بلند شرح سود کی وجہ سے صنعتیں اچھی کارکردگی نہیں دکھا پا رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق صنعت کاروں نے حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت گیس کی قلت پر قابو پانے کےلئے کوئی موثر حکمت عملی اپنائے ورنہ ملکی صنعت ٹھپ ہو جائے گی اور ہزاروں لوگ بے روزگار ہو جائیں گے۔

ٹیگس