اسلام آباد؛ یوم القدس کی آمد آمد پر ایران کے سفارتخانے میں خصوصی تقریب
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ایران کے سفارتخانے کی جانب سے یوم قدس کی آمد آمد پر ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں اس ملک کی مختلف سیاسی اور مذہبی شخصیتوں نے شرکت کی۔
سحر نیوز /پاکستان: عالمی یوم قدس کی آمد آمد پر اسلام آباد میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے جمعے کی شب ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں ملک کی بعض سیاسی شخصیتوں کے علاوہ شیعہ اور اہل سنت کے ممتاز علما بھی شریک ہوئے۔
اس تقریب کے شرکا نے فلسطین میں بڑھتے صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات بالخصوص مسجد الاقصیٰ پر اسکے فوجیوں کی جڑھائی کی سخت مذمت کی اور فلسطینی عوام اور قبلہ اول کے تحفظ کے لئے عالم اسلام اور بالخصوص ایران و پاکستان کے ایک آواز ہو سرگرم عمل رہنے پر زور دیا۔
اس نشست میں پاکستانی سینیٹ کے سابق ڈپٹی چیئرمین مولانا عبد الغفور حیدری نے فلسطینی کاز کی حمایت میں ایران کے دیرینہ موقف کی قدردانی کرتے ہوئے صیہونی جارحیتوں کے خلاف عالم اسلام کے اتحاد و انسجام پر زور دیا اور کہا کہ اسرائیل، غاصبِ مطلق ہے اور ہم اُسے کسی قیمت پر تسلیم کرنے یا اس کے ساتھ سمجھوتہ کرنے پر آمادہ نہیں ہوں گے۔
سفیر ایران نے بھی اپنے خطاب میں کہا کہ نسل پرست اسرائیلی رجیم مقبوضہ فلسطین میں اپنے بہیمانہ جوائم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور ہم فلسطین کے مظلوم عوام کے خلاف اُس کے ظلم و شتم میں شدت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ سید محمد علی حسینی نے مزید کہا کہ اسرائیل گزشتہ سات دہائیوں سے مغربی ممالک کی نگاہوں کے سامنے اور انکی ہری جھنڈی دکھانے پر ہی اپنے مجرمانہ اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی قوم کو سامراجی طاقتوں اور عالمی صہیونزم کے حامیوں سے کوئی توقع نہیں ہے، البتہ اسلامی ممالک اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے انہیں توقع ضرور ہے کہ وہ صیہونی ٹولے کے بے لگام ظلم و جبر کی مذمت کریں اور اسکے بہیمانہ اقدامات کی روک تھام کریں۔
اس تقریب میں پاکستان کے مذہبی امور کے سابق وزیر مفتی نورالحق قادری نے بھی تہران و اسلام آباد کے مابین دوطرفہ تعلقات کے استحکام اور تقرب مذاہب اسلامی کے سلسلے میں سفیر ایران کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ مسلم اقوام فلسطین میں اپنے فلسطینی بھائی بہنوں کی حامی ہیں اور ہم سب ساتھ مل کر ناجائز صیہونی ریاست کے اقدامات کی مذمت اور فلسطینی قوم کے حقوق کی بازیابی کے لئے جو جہد کریں گے۔
اس نشست میں پاکستان کے ممتاز شیعہ رہنما علامہ سید ساجد علی نقوی نے بھی حضار سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دہائیوں کے دوران مظلوم فلسطینی عوام کے بے رحمانہ قتل عام کی ذمہ دار غاصب صیہونی حکومت اور اسکے حامی ممالک ہیں۔
انہوں نے بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) کی شخصیت کے تئیں اپنی عقیدت کااظہار کرتے ہوئے عالمی یوم قدس کی اسم گزاری میں انکے کردار کو اہم قرار دیا اور کہا کہ مسلمانان عالم ہمیشہ یوم القدس کی ریلیوں میں شرکت، فلسطین کی مظلوم قوم کی حمایت اور فلسطینی کاز کا دفاع کرتے رہیں گے اور وہ کبھی امام خمینی کے اس انسان دوستانہ اقدام کو فراموش نہیں کریں گے۔