Apr ۱۷, ۲۰۲۳ ۰۷:۵۷ Asia/Tehran
  • الیکشن کمیشن آف پاکستان کا امتحان

سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن کو 21 ارب روپے جاری کرنے کی آج آخری تاریخ ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: سپریم کورٹ آف پاکستان نے حکم دیا تھا کہ وزارت خزانہ اور اکاؤنٹنٹ جنرل رقم دینے کی تصدیقی رپورٹ 18 اپریل کو عدالت میں پیش کریں۔

حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن 18 اپریل کو 21 ارب روپے فنڈز وصولی کی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرائے۔

فنڈزکی فراہمی کا جائزہ لینے کے لیے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا خصوصی اجلاس آج طلب کرلیا گیا ہے۔

اٹارنی جنرل، گورنر اسٹیٹ بینک اور آڈیٹر جنرل کو اس اجلاس میں شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے اسٹیٹ بینک کے افسران کو خبردار کردیا۔

ایک نجی ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے جو افسران الیکشن کمیشن کو رقم ادا کریں گے، انہیں ریکوری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ایسا نہ ہو افسران ساری زندگی 21 ارب روپے کی ادائیگی کرتے رہیں۔

سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن کو 21 ارب روپے جاری کرنے کی آج آخری تاریخ ہے

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے یہ بھی کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان جتنا بھی زور لگائے پنجاب اسمبلی کے انتخابات 14 مئی کو نہیں ہوں گے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب میں انتخابات کیلئے رقم جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔

حکم نامہ میں کہا گیا تھا کہ وزارت خزانہ نے بتایا ہے 17 اپریل تک 21 ارب روپے الیکشن کمیشن کو دیں گے۔

سپریم کورٹ نے اسٹیٹ بینک اور وزرات خزانہ سے 18 اپریل تک فنڈز فراہمی کے حکم پر عملدرآمد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

ٹیگس