پاکستان طالبان کے ساتھ تعاون میں مدد دے گا
پاکستان کی خارجہ امور کی وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش سے ملاقات میں کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں طالبان حکومت کے ساتھ تعاون کا ایک قابل اعتماد پراسیس قائم کرنے میں مدد دے گا۔
سحر نیوز/پاکستان: افغانستان کی آوا نیوزی ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حنا ربانی کھر نے منگل کی رات ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ انھوں نے دوحہ اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ پاکستان طالبان حکومت کے ساتھ تعاون کا ایک قابل اعتماد پراسیس قائم کرنے میں مدد دے گا۔
حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پیش نظر یہ پراسیس افغانستان کے شہریوں کی فوری انسانی ضروریات کو پورا کرنے اور ان کے لیے پائیدار اقتصادی مواقع پیدا کرنے پر مرکوز ہے اور انھوں نے دوحہ اجلاس کے دوران افغانستان کے امور میں امریکہ روس اور چین کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔
افغانستان کے بارے میں دوحہ اجلاس گذشتہ روز قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اقوام متحدہ کی میزبانی میں بند دروازوں کے پیچھے منعقد ہوا جس میں دنیا کے بیس سے زائد ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے دوحہ اجلاس کے اختتام پر کہا ہے کہ اس اجلاس میں شریک تمام مندوبین کا اس بات پر اتفاق تھا کہ افغانستان کے استحکام کے لیے تعاون کی ایک اسٹریٹجی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کا ادارہ افغان عوام کی امداد جاری رکھے گا۔