آرمی ایکٹ مقدمات صرف فوجی املاک پر حملہ آور بلوائیوں کےلئے لاگو ہوگا۔ شہباز شریف
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ کے تحت صرف ان بلوائیوں کے خلاف مقدمات چلائے جائیں گے جو آرمڈ فورسز کی تنصیبات اور مقامات پر حملوں اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث تھے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 9 مئی کو ہونے والے حادثات میں سویلین مقامات پر حملہ کرنے والے بلوائیوں کے خلاف اینٹی ٹیررازم عدالتوں میں مقدمات چلائے جائیں گےجب کہ فوجی تنصیبات پر حملہ آور افراد کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت فوجی عدالتوں میں مقدمات قائم کئے جائیں گے۔رپورٹ کے مطابق اس سے پہلے حکومت اور نیشنل سیکورٹی کونسل نے تمام بلوائیوں کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات کا فیصلہ کیا تھا جس پر ملکی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے تنقید کے بعد حکومت نے اپنے فیصلے میں ترمیم کی ہے۔رپورٹ کے مطابق شہبار شریف نے 9 مئی کو ہونے والے حادثات کو ملکی تاریخ کا ایک سیاہ دن اس وقت قرار دیا تھا جب پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے بلوائیوں نے لاہور کے کور کمانڈر کے گھر کو آگ لگا دی تھی۔پاکستان کے وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کراچی نیول یارڈ میں ہونے والے حملے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے میں دہشت گردوں نے ملکی دفاعی اثاثوں کو نقصان پہنچایا تھا اور میانوالی بیس میں پی ٹی آئی کے حامیوں نے ملکی دفاع کرنے والے جہاز کو نقصان پہنچایا ہے جب کہ اس کے علاوہ کئی شہروں میں ریڈیو پاکستان اور کئی دوسری سرکاری عمارات پر حملے بھی کئے گئے-