عمران خان کا جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کیلئے قائم کردہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان خود مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوں گے، عمران خان کا نمائندہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوگا، چیئرمین پی ٹی آئی نمائندے کی وساطت سے جے آئی ٹی کے سوالات کے جواب دیں گے۔
واضح رہے کہ جے آئی ٹی کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف کو جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور میں جلاؤ گھیراؤ کیس میں آج شام 4 بجے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن آفس قلعہ گجر سنگھ میں طلب کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 9 مئی کے واقعات پر پنجاب حکومت نے 10 مختلف جے آئی ٹیز بنائی تھیں، عمران خان تھانہ سرور روڈ، شادمان اور ریس کورس سمیت دیگر تھانوں میں درج ہونے والے مقدمات میں نامزد ہیں۔
دوسری جانب عمران خان لاہور میں کور کمانڈر ہاؤس پرحملہ کیس سمیت جلاؤ گھیراؤ کے تین مقدمات میں ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے لئے لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان عدالت کے جج کے روبرو پیش ہوئے اور ضمانتی مچلکے جمع کرائے جس کے بعد عدالت نے ان کے ضمانتی مچلکے منظور کرلئے۔ اس سے پہلے عدالت نے منگل کو ضامن کے ساتھ خود بھی پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔
عدالت نے نو مئی کے واقعات کے مقدمات میں عمران خان کی دو جون تک ضمانت منظور کر رکھی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف لاہور کے مختلف تھانوں میں کور کمانڈر ہاؤس ، عسکری ٹاور حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کے تین مقدمات درج ہیں ۔