ایران کا اسلامی انقلاب دنیا کے حریت پسندوں کے لیے رول ماڈل: مولانا شہنشاہ نقوی
پاکستان کے شہر کراچی میں حسینیہ ایرانیان میں بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی شخصیت کے حوالے سے ایک نشست کا انعقاد کیا گیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: ارنا کی رپورٹ کے مطابق امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی چونتیسویں برسی کے حوالے سے ہونے والی اس نشست میں کراچی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔
اس پیغام میں آیا ہے کہ امام خمینی رحمت اللہ علیہ بے پناہ شجاعت و بہادری کے ساتھ مشرق و مغرب کی تمام بڑی طاقتوں اور ڈکٹیٹر پہلوی حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے اور خداوند متعال پر توکل، پیغمبر اسلام کی اطاعت و پیروی اور ایران کے مظلوم عوام کی مدد و حمایت سے صدی کے سب سے عظیم اور موثر انقلاب کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔
انھوں نے اس بیان میں مزید کہا کہ امام خمینی رحمت اللہ علیہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی سپر پاور اور دوسرے ملک کو اسلامی حکومت پر تسلط نہیں رکھنا چاہیے اور اسی لیے انھوں نے ایران کی سیاسی آزادی و خودمختاری کو اسلامی حکومت کی تشکیل میں اپنا اولین ہدف و مقصد قرار دیا اور کسی بھی سپر پاور کو ملک کے سیاسی امور میں مداخلت کی اجازت نہیں دی۔
پاکستان کے ممتاز عالم دین سید شہنشاہ حسین نقوی نے بھی اس نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی رحمت اللہ علیہ اسلام کے سیاسی پہلو کا جلوہ تھے اور اسلامی حکومت، جمہوریت اور نظام عدل کا قیام ان کی شخصیت اور سوچ کا نتیجہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی قیادت میں اسلامی انقلاب دنیا کے حریت پسندوں کے لیے ایک آئیڈیل میں تبدیل ہو گیا ۔ امام خمینی نے اپنے الہی افکار و نظریات اور عظیم جدوجہد سے تاریخ کا دھارا موڑ دیا۔