Jun ۰۵, ۲۰۲۳ ۱۰:۱۲ Asia/Tehran
  • پی ٹی آئی نے ریاست کے خلاف سرکشی اور بغاوت کی: وزیر داخلہ

سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ خدا کیلئے بے گناہوں کو رہا اور گناہ گاروں کو سزا دی جائے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ریاست کے خلاف سرکشی اور بغاوت کی ہے، ریاست کے خلاف سرکشی اور بغاوت کرنے والوں کو سیاست کا کوئی حق نہیں اور نہ ہی معافی ملے گی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دفاعی تنصیبات پرحملے کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جاسکتا، ہر صورت ریاست کی رٹ قائم کریں گے، ووٹ کی طاقت سے فتنے کو ملکی سیاست سے مائنس کریں گے۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے دعوی کیا کہ پی ٹی آئی نے 2014 سے صرف گالم گلوچ کی سیاست کی اور اپنے ورکرز کو بھی صرف گالم گلوچ کی سیاست ہی سکھائی، پی ٹی آئی نے 50 لاکھ گھر،ایک کروڑنوکریوں کے جھوٹے وعدے کیے۔

دوسری جانب سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سارا ملک 9 مئی واقعہ پر لعنت بھیجتا اور شرمناک قرار دیتا ہے، خدا کیلئے بے گناہوں کو رہا اور گناہ گاروں کو سزا دی جائے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کل رات پنجاب پولیس اور ایلیٹ فورس نے 40 گالف سٹی میرے گھر پر چھاپہ مارا، پولیس میرے گھر دوبارہ دروازے توڑ کر داخل ہوئی، اچھی بات یہ ہے کہ کسی ملازم کو نہیں مارا توڑ پھوڑ نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ خدا کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں، ہر روز اتوار نہیں ہوتا، اگر یہ سمجھتے ہیں کہ ویڈیوز اور کیمرے لے گئے ہیں، گھبرائیں نہیں میرے پاس سارا ریکارڈ موجود ہے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں غربت، مہنگائی اور بیروزگاری ہے، ان پی ڈی ایم کے لوگوں کو کسی نے ووٹ نہیں دینے، جو قاسم کے ابو کو چھوڑ گیا ہے وہ گنگا نہایا ہے، بے گناہ جیل میں پڑا رہے یہ کوئی انصاف نہیں ہے ۔

ٹیگس