Oct ۲۴, ۲۰۲۵ ۲۲:۳۰ Asia/Tehran
  • کنپٹی پر بندوق رکھ کر کوئی معاہدہ نہیں کرا سکتا: ہند امریکہ تجارتی معاہدے پر ہندوستانی وزیر کا جواب

اطلاعات کے مطابق ہندوستان کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے، جو جرمنی کے دورے پر ہیں، ہند امریکہ تجارتی معاہدے  کے بارے میں کہا ہے کہ کنپٹی پر بندوق رکھ کر کوئی معاہدہ نہیں کرا سکتا۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق ہندوستان کے مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل نے جرمنی کے دارالحکومت برلن میں آج (24 اکتوبرکو) برلن عالمی مذاکرات (برلن گلوبل ڈائیلاگ) میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ  "ہم امریکہ سے بات کر رہے ہیں لیکن ہم جلدبازی میں کوئی معاہدہ نہیں کرتے۔ ہم نہ تو ڈیڈ لائن پر اور نہ ہی کنپٹی پر بندوق رکھ کر معاہدہ کرتے ہیں۔"

انہوں نے کہا کہ ہندوستان تجارت کو اعتماد اور طویل  المیعاد  شراکت داری کے نقطۂ نظر سے دیکھتا ہے، دباؤ میں کئے گئے معاہدوں کے طور پر نہیں اور یہ کہ ہندوستان کسی بھی تجارتی معاہدے میں جلدبازی نہیں کرے گا۔

پیوش گوئل نے برلن میں منعقدہ عالمی برلن مذاکرات کے دوران یورپی ممالک کے دوغلے رویّے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کسی دباؤ میں آکر کوئی ڈیل سائن نہیں کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان اپنے مفادات اور توانائی کی سیکورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، چاہے مغربی ممالک کچھ بھی کہیں۔

ہندوستان کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے مزید کہا کہ "ہندوستان اور امریکہ  کے درمیان بات چیت جاری ہے اور ہم ایک منصفانہ اور متوازن معاہدے کی سمت میں کام کر رہے ہیں۔"

ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں ہندوستان کے سیکریٹری تجارت نے امریکہ کا دورہ کیا اور اپنے ہم منصب امریکی عہدیداروں سے ملاقات کی ہے تاہم امریکہ کی جانب سے عائد کردہ ٹیکسوں اور جینیاتی طور پر تبدیل شدہ (جینیٹیکلی موڈیفائیڈ) زرعی مصنوعات کے معاملے پر اختلافات اب بھی برقرار ہیں۔

روس سے سستا تیل خریدنے پر مغربی ممالک کے دباؤ  کے سلسلے میں بھی  پیوش گوئل نے کہا کہ ملک کی توانائی کی سیکورٹی اولین ترجیح ہے اور سستا تیل خریدنا ہندوستان کی ضرورت ہے، کوئی سیاسی فیصلہ نہیں۔

 

ٹیگس