Jun ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۷:۲۴ Asia/Tehran
  • سمندری طوفان بائپر جوائے میں مزید شدت، حفاظتی اقدامات کا اعلان

سمندری طوفان بائپر جوائے مزید شدت اختیار کر گیا۔ پاکستان میں حکومت نے حفاظتی اقدامات کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بائپر جوائے کا پندرہ جون کو کیٹی بندر سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ طوفان کے اثرات کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار اور میر پور خاص میں تیرہ سے سولہ جون کے درمیان گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور آندھی کا امکان ہے۔ جبکہ تیرہ سے سترہ جون تک ٹھٹھہ سجاول، بدین، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں گرچ چمک کےساتھ آندھی کا امکان ہے۔

دوسری جانب وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمندری طوفان کے پیش نظر شہری انتظامیہ اور تمام حکام الرٹ ہیں جبکہ متعلقہ علاقوں سے تقریبا اسی ہزار لوگوں کے انخلا کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شاہ بندر، سجاول اور چوہڑ جمالی تک سمندری طوفان کا پانی آسکتا ہے اور وہاں سے لوگوں کا انخلا لازمی ہے، اب ہم لوگوں سے درخواست نہیں کریں گے بلکہ مطالبہ کریں گے کیونکہ لوگوں کی طرف سے مزاحمت ہو رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ خطرہ سجاول ضلع میں ہے جہاں شہری انتظامیہ، نیوی، پاک آرمی اور رینجرز پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں بنائی ہیں کیونکہ اس وقت سب سے زیادہ اہم ان علاقوں سے لوگوں کا انخلا ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ بارش کے دوران غیرضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔

ٹیگس