Jun ۲۰, ۲۰۲۳ ۰۹:۲۵ Asia/Tehran
  • فوٹو: سما انگلش
    فوٹو: سما انگلش

پاکستان کی قومی اسمبلی کے ساتھ ساتھ سندھ اور بلوچستان اسمبلیوں کی مدت بھی رو بہ اختتام ہے جس کے پیش نظر الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے وسیع انتخابی عمل کے انتظامات کرنے کے لیے تیاریاں شروع کردی ہیں۔

سحر نیوز پاکستان: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت ای سی پی کا اجلاس ہوا جس میں کمیشن کے سیکریٹری عمر حامد خان نے آئندہ عام انتخابات کے لیے اب تک کیے گئے اقدامات اور انتظامات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ضروری انتخابی مواد اور بیلٹ پیپرز کے کاغذ کی خریداری مکمل کر لی گئی ہے اور اس کے محفوظ ذخیرے کو بھی یقینی بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولنگ اسٹیشنز کی فہرست کا مسودہ بھی تیار ہے جو نوٹیفکیشن کے فوراً بعد ابتدائی طور پر شائع کرنےکے لئے متعلقہ افسران کے حوالے کر دیا جائے گا۔

ای سی پی سربراہ کے سیکریٹری نے بتایا کہ ووٹرز کے اعتراضات اور تجاویز سننے کے بعد الیکشن کمیشن قانون کے مطابق اس کی حتمی اشاعت کو یقینی بنائے گا۔ قانون کے مطابق ووٹرز کے اندراج، اخراج اور تصدیق کی آخری تاریخ تیرہ جولائی ہے جس کے پیش نظر ای سی پی نے آگاہی مہم شروع کی ہے اور وہ انتخابی فہرستوں کی چھپائی اور تقسیم کے لیے نادرا سمیت تمام اداروں سے رابطے میں ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی کے ساتھ سندھ اور بلوچستان کی صوبائی اسمبلیوں کی مدت اگست میں ختم ہو جائے گی جو عام انتخابات کی متقاضی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کا حکومت پر الزام ہے کہ وہ اپنے سیاسی مفادات کے پیش نظر وقت پر انتخابات کرانے سے کترا رہی ہے۔

ٹیگس