Jun ۲۲, ۲۰۲۳ ۱۸:۴۲ Asia/Tehran
  • پاکستان؛ فوجی عدالتوں میں شہریوں پر مقدمات کے خلاف درخواستوں پر سماعت

فوجی عدالتوں میں عام شہریوں پر مقدمات چلانے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواستوں کی سماعت کے لئے تشکیل شدہ نو رکنی بینچ ٹوٹنے کے بعد سات رکنی بینچ تشکیل دیا گیا جس نے ان درخواستوں کی دوبارہ سماعت کی۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق آرمی ایکٹ کے تحت فوجی عدالتوں میں عام شہریوں پر مقدمات چلائے جانے کے خلاف درخواستوں پر سماعت کے لئے چیف جسٹس آف پاکستان نے نو رکنی لاجر بینچ تشکیل دیا تھا لیکن سماعت کے آغاز میں جسٹس قاضی فائزعیسی اور جسٹس طارق مسعود نے بینچ سے علیحدگی اختیار کرلی اور یوں نو رکنی بینچ ٹوٹ گیا۔
بعد ازاں چیف جسٹس آف پاکستان عمرعطا بندیال نے سات رکنی بینچ تشکیل دیا اور یوں درخواستوں پر دوبارہ سماعت شروع ہوئی۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ کوئی حکم امتناع جاری نہیں کر رہے ہیں کسی بھی عبوری حکم سے پہلے اٹارنی جنرل کو سنیں گے۔ انھوں نے اٹارنی جنرل سے کہا کہ اس کیس کو سننے والا بینچ اب یہی رہے گا۔
سپریم کورٹ نے آج کی سماعت ختم کرتے ہوئے کیس کی سماعت کل صبح ساڑھے نو بجے تک ملتوی کر دی۔

ٹیگس