Aug ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۷:۴۵ Asia/Tehran
  • پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی گرفتار

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی کو اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ سے پولیس کی بھاری نفری نے حراست میں لیا۔ شاہ محمود قریشی کو ایف آئی اے ہیڈکوارٹر منتقل کیا جارہا ہے۔
شاہ محمود قریشی کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے کچھ دیر بعد ہی گرفتار کیا گیا جس میں انہوں نے 90 روز میں انتخابات کرانے کا مطالبہ دہرایا تھا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ ان کی امریکی سفیر سمیت مختلف ممالک کے سفیروں سے ملاقات ہوئی۔ لیکن اس ملاقات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی یا سائفر سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق شاہ محمود قریشی کو وفاقی پولیس نہیں بلکہ ایف آئی اے نے گرفتار کیا ہے۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے میں سائفر و آڈیو لیک پر انکوائری جاری ہے جس میں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دو مرتبہ پیش ہوچکے تھے۔
گزشتہ ہفتے سائفر گمشدگی پر ایف آئی اے انسداد دہشت گردی میں چیئرمین پی ٹی آئی اور دیگر پر ایف آئی درج کیے جانے کی اطلاعات بھی منظر عام پر آئی تھیں۔

ٹیگس