Sep ۰۱, ۲۰۲۳ ۱۹:۱۶ Asia/Tehran
  • پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کی رہائی

پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی کو رہا کر دیا گیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی کو لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر رہا کردیا گیا ہے۔ ان کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر جمعہ کوسماعت ہوئی، دوران سماعت پرویز الہٰی کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے پرویز الہٰی کو پیش نہ کرنے کی صورت میں ڈی جی نیب کے وارنٹ جاری کرنے کو کہہ دیا تھا۔ دوران سماعت جسٹس امجد رفیق نے سوال کیا کہ احتساب عدالت کو بتایاتھا کہ انٹرا کورٹ اپیل خارج ہوگئی تھی۔ انہوں نے کہاکہ اس پورے معاملے کی انکوائری ہوگی، میں ابھی پرویز الہٰی کو فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دے رہا ہوں۔ جس وقت فیصلہ سنایا گيا اس وقت پرویزالہی کمرۂ عدالت میں موجود تھے اور انہیں عدالت لانے والی نیب کی گاڑی واپس روانہ ہوگئl۔

واضح رہے کہ پرویز الہٰی  نے نیب کی جانب سے اپنی گرفتاری کو عدالت میں چیلنج کررکھا تھا۔ اس سے پہلے بھی چوہدری پرویز الہٰی کو متعدد مقدمات میں گرفتار اور رہا کیا جاتا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان پر پی ٹی آئي چھوڑنے کا دباؤ ڈالا جارہے لیکن وہ پارٹی نہيں چھوڑیں گے۔ رہائي کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا ہوں، ایسے ہی چار ماہ جیل کے اندر نہيں گزارے ہيں۔

 

ٹیگس