پاکستان، چوہدری پرویز الہٰی کو رہا ہونے کے بعد پھر گرفتار کر لیا گیا
اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف، پی ٹی آئی، کے صدر اور صوبہ پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی کو رہائی کے کچھ دیر بعد ہی گرفتار کرلیا گیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کو لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے بعد آج رہا کردیا گیا تھا لیکن رہائی کے کچھ دیر کے بعد ہی اسلام آباد پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ اطلاعات کے مطابق لاہور پولیس پرویز الہٰی کو رہائی کے بعد لاہور ہائی کورٹ سے گھر لے کر جا رہی تھی لیکن ظہور الہٰی ہاؤس کے قریب اسلام آباد پولیس نے پرویز الہٰی کی گاڑی کو روک لیا۔ پولیس نے پرویز الہٰی کو گاڑی سے اتارا اور پھر انہیں ڈنڈا ڈولی کرکے اپنی گاڑی میں ڈال دیا۔
اسلام آباد پولیس چوہدری پرویز الہٰی کو لاہور سے گرفتار کرکے روانہ ہوگئی۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کو اسلام آباد پولیس نے تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا ہے۔ پرویز الہٰی کو 3 ایم پی او کے تحت 15 دن کے لئے اڈیالہ جیل میں نظر بند کیا جائے گا۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق پرویز الہٰی کے بیٹے مونس الہٰی کا کہنا ہے کہ پولیس عدالتی حکم کے بعد میرے والد کو گھر لے جا رہی تھی لیکن گلی میں داخل ہوتے ہی میرے والد کو اغوا کیا گیا۔ مونس الہٰی نے پرویز الہٰی کی گرفتاری پر اپنے رد عمل میں کہا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔