نو مئی کے واقعات کے ذمہ داروں کو سزا دینے پر نگراں پاکستانی وزیراعظم کی تاکید
پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نومئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
سحرنیوز/پاکستان: نیویارک میں پاکستانی مشن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کے نگراں وزیراعظم نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو انتخابی عمل میں حصہ لینے سے نہيں روکا جائے گا تاہم نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان جلد کردیا جائے تاہم ملک میں انتخابات کا کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے تیار ہيں۔
انہوں نے کینيڈا میں علیحدگی پسند سکھ لیڈر کے قتل کے واقعے میں ممکنہ طور پر ہندوستانی حکومت کے ملوث ہونے کے بارے میں کینیڈا کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہندوستان پر سنجیدہ نوعیت کے سوالات اٹھائے جا رہے ہيں۔
پاکستان کے نگراں وزیراعظم نے مزید کہا کہ افغانستان سے تعمیری بات چيت کا عمل جاری ہے۔
مسئلہ فلسطین کے بارے میں انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ مسئلہ فلسطین حل ہو اور اس مسئلے کے حل کے لئے اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل درآمد ضروری ہے۔
پاکستان کے نگراں وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کو بھی خطاب کیا اور کہا وہ ہندوستان سمیت سبھی ہمسایہ ملکوں کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتے ہیں۔