Mar ۰۶, ۲۰۲۴ ۱۲:۱۳ Asia/Tehran
  • ذوالفقار علی بھٹو کو آئین کے مطابق فیئر ٹرائل کا موقع نہیں ملا: چیف جسٹس پاکستان

سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ نے رائے دی ہے کہ ذوالفقار بھٹو کو فیئر ٹرائل کا موقع نہیں ملا۔

سحرنیوز/ پاکستان: سپریم کورٹ نے ذوالفقار علی بھٹو سے متعلق صدارتی ریفرنس پر اپنی رائے سناتے ہوئے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کو فیئر ٹرائل کا موقع نہیں ملا۔ بھٹو کے ٹرائل میں بنیادی حق پر عمل نہیں کیا گیا، سپریم کورٹ کی اس معاملے پر رائے متفقہ ہے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے صدارتی ریفرنس پر رائے سنائے جانے کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے انتظار میں ہیں، تفصیلی فیصلے پر وکلا سے بات کر کے تفصیلی بات کروں گا۔

ان کا کہنا ہے کہ عدالت نے تسلیم کیا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو فیئر ٹرائل کا موقع نہیں ملا، صدر زرداری نے بھٹو کا ریفرنس بھیجا تھا، عدالت نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں کو درست کرنے کے لیے فیصلہ سنا رہے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو شفاف ٹرائل نہ ملنے کی سپریم کورٹ کی رائے پر بلاول بھٹو زرداری، نامزد صدر آصف علی زرداری، پی پی پی قیادت اور کارکنوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخی غلطی کا ازالہ ممکن نہیں لیکن سنگین غلطی کے اعتراف سے ایک نئی تاریخ و ایک نئی روایت قائم ہوئی ہے۔ عدالت سے ہونے والی زیادتی کو عدالت کا درست کرنا مثبت پیش رفت ہے۔ بھٹو ریفرنس میں سپریم کورٹ کی متفقہ رائے قومی سطح پر تاریخ کو درست تناظر میں سمجھنے میں مددگار ہو گی۔ ماضی کی غلطیوں کی درستگی اور تلخیوں کے خاتمہ سے ہی قومی اتحاد اور ترقی کا عمل تیز ہوسکتا ہے۔

ٹیگس