صدر آصف زرداری کو استثنیٰ مل گیا، عدالت نے کارروائی روک دی
May ۱۱, ۲۰۲۴ ۱۱:۱۶ Asia/Tehran
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ گاڑیوں سے متعلق ریفرنس پر آصف زرداری کو صدارتی استثنیٰ ملنے کی درخواستیں منظور کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا۔
سحرنیوز/ پاکستان: احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید نے ریفرنس پر کارروائی روکنے کا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ جب تک آصف زرداری صدر ہیں ان کے خلاف کیسز کی کارروائی آگے نہیں بڑھ سکتی۔ درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا آصف زرداری صدر ہیں، کرمنل کیسز کی کارروائی جاری نہیں رہ سکتی۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پراسیکیوشن نے درخواستوں پر اعتراض نہیں کیا اور نہ مخالفت کی گئی، آرٹیکل 248 (2) کے تحت صدر کے خلاف کیس ہو سکتا ہے اور نہ کوئی کارروائی جاری رہ سکتی ہے۔ احتساب عدالت نے کہا کہ آصف زرداری کی صدارتی استثنیٰ حاصل کرنے کی درخواستیں منظور کی جاتی ہیں۔