پاکستانی وزیر اعظم نے ایرانی سفارتخانے پہنچ کر سفیر ایران کو تعزیت پیش کی
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران کے سفارتخانے پہنچ کر سفیر ایران کو تعزیت پیش کی
سحراردو/ پاکستان: پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف پیر کے روز اسلام آباد میں واقع اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے پہنچے اور سفیر ایران سے ملاقات کی اور شہید صدر سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان اور ان کے ہمراہ وفد کی تعزیت اور تسلیت پیش کی اور وزیٹر بک میں تعزیتی کلمات تحریر کئے۔
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صدر سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ کی شہادت کی المناک خبر سے گہرا صدمہ ہوا ہے۔ غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں اور ایرانی عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ تمام تر ہمدردیاں اور دعائیں شہداء کے اہل خانہ اور ایرانی عوام کے ساتھ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی شاندار عالم اور بصیرت رکھنے والے رہنما تھے۔ پاکستان نے ڈاکٹر رئیسی جیسا مخلص اور بھائیوں جیسا دوست کھو دیا۔ پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کی پاکستان ایران تعلقات اور علاقائی تعاون کی مضبوطی کے لیے خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔ گزشتہ مہینے صدر رئیسی کے دورہ پاکستان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کیا۔
انہوں نے دعا کی اللّٰہ تعالیٰ مرحومین کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔ اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ہمدردی کے لیے ایران کی حکومت اور عوام کی جانب سے حکومت پاکستان اور عوام کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔