پی ٹی آئی کی غیر قانونی تعمیرات مسمار، مرکزی سیکرٹریٹ سیل
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر کی عمارت کا ایک حصہ گرا دیا گيا۔
سحرنیوز/ پاکستان: موصولہ رپورٹ کے مطابق کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی سی ڈی اے نے گزشتہ رات ایک آپریشن کیا اور غیرقانونی تعمیرات کے نام پر پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر کی عمارت کا ایک حصہ گرا کر دفتر کو سیل کر دیا گيا۔ آپریشن سے قبل پولیس نے پی ٹی آئی سیکریٹریٹ کو جانے والے راستوں کو بند کر دیا تھا۔ سی ڈی اے کا موقف ہے کہ یہ آپریشن بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی ، غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے کیا گيا ہے۔ سی ڈی اے کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیکٹر جی ایٹ فور میں واقع یہ پلاٹ سرتاج علی نامی شخص کو الاٹ ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ نے بغیر نوٹس دیئے رات کے اندھیرے میں آپریشن کیا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس نے عامر مغل کر گرفتار کیا ہے- انہوں نے سی ڈی اے آپریشن کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عامر مغل کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں- سی ڈی اے عملے کے ساتھ بات کر رہے تھے کہ اچانک عامر مغل کو اٹھا لیا گیا۔عمر ایوب نے کہا کہ سی ڈی اے سے پوچھا کہ رات کے اندھیرے میں آپریشن کیوں کیا؟ کیا نوٹس جاری کیا؟
ادھر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس سیکریٹریٹ پر تجاوزات کے حوالے سے کبھی کوئی نوٹس نہیں آیا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے اہلکاروں سے پوچھا، کوئی آرڈر ہے تو دکھائیں مگر وہ نہیں دکھا سکے۔