Sep ۰۶, ۲۰۲۴ ۱۴:۵۳ Asia/Tehran
  • سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے نیب ترامیم بحال

سپریم کورٹ آف پاکستان نے نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کے خلاف وفاقی حکومت سمیت دیگر متاثرین کی انٹرا کورٹ اپیلیں منظور کرتے ہوئے نیب ترامیم بحال کردیں۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نےمتفقہ طور پر فیصلہ سنایا ہے۔ پاکستان کی عدالت عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ثابت نہیں کر سکے کہ نیب ترامیم غیر آئینی ہیں۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کو قانون سازی کو ہر ممکن صورت میں برقرار رکھنا چاہیے، نیب ترامیم کو خلاف آئین ثابت نہیں کیا جا سکا۔سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت اور ججز پارلیمان کےلئے گیٹ کیپر کا کردار ادا نہیں کر سکتے، پارلیمان اور عدلیہ کا آئین میں اپنا اپنا کردار واضح ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے کو این آر او ٹو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مقدمہ عوام کی عدالت میں لے جائيں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شبلی فراز نے نیب ترامیم بحالی کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا فیصلہ این آر او ٹو تھا، مقدمہ عوام میں لے کر جائیں گے۔ انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت میں بیٹھے لوگ عوام کے حقیقی نمائندے نہیں، یہ ایسے قوانین بنائیں گے جن سے چوروں اور آئين شکنوں کو تحفظ ملے۔

ٹیگس