Sep ۱۹, ۲۰۲۴ ۰۹:۵۱ Asia/Tehran
  • اسلام آباد میں ایران کے سفیر اور پاکستان کے وزیر دفاع کی ملاقات، دہشت گردی کے مقابلے میں باہمی تعاون کی اہمیت پر زور

پاکستان کے وزیر دفاع نے مختلف شعبوں میں تہران اور اسلام آباد کے مشترکہ تعاون کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے دہشت گردی کے مقابلے میں باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: ہمارے سیاسی نامہ نگار کے مطابق پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے بدھ کو اسلام آباد میں ایران کے سفیر سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ایران اور پاکستان کے روابط کی تازہ صورتحال بالخصوص دفاعی، فوجی نیز فوجیوں کی ٹریننگ اور دفاعی مصنوعات کی تیاری میں باہمی تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس ملاقات میں فوجی اور سیکورٹی کے شعبوں میں ایران پاکستان تعاون کی موجودہ سطح کو اطمینان بخش قرار دیا اور دہشت گردی کے مقابلے ميں باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تہران اور اسلام آباد کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کا سلسلہ جاری ہے اور سبھی مسائل باہمی مشاورت اور بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے۔
اس ملاقات میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے بھی دونوں ملکوں کے دیرینہ روابط جاری رہنے پر اطمینان کا اظہار کیا اور علاقے میں امن و استحکام کے لئے مشترکہ مساعی پر زور دیا۔

انھوں نے کہا کہ تہران، اسلام آباد کے ساتھ سبھی شعبوں میں ہمہ گیر تعاون بڑھانے کے لئے تیار ہے۔ پاکستان کی وزارت دفاع کے شعبہ رابطہ عامہ نے بھی ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایران اور پاکستان کے مشترکہ سرحدی کمیشن کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

ٹیگس