Oct ۲۶, ۲۰۲۴ ۱۸:۴۰ Asia/Tehran
  • پاکستان: نئے چیف جسٹس کی آمد کے ساتھ ہی سابق چیف جسٹس کی روانگی

جسٹس یحییٰ آفریدی کے پاکستان کے 30 ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھانے کے ساتھ ہی سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ترکش ایئرلائن کی پرواز نمبر ٹی کے 711 پر استنبول روانہ ہوگئے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے نئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے حلف لیا، وہ 26 اکتوبر 2027 تک اس عہدے پر براجمان رہیں گے۔

نئے چیف جسٹس کے حلف اٹھانے کے ساتھ ہی سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اپنی اہلیہ کے ہمراہ نیو اسلام آباد ائرپورٹ سے بیرون ملک روانہ ہوئے ہیں۔ قاضی فائز عیسیٰ اپنی مدت ملازمت مکمل ہونے پر گزشتہ روز اپنے منصب سے سبکدوش ہوگئے تھے۔

 سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ترکش ایئرلائن کی پرواز نمبر ٹی کے 711 پر استنبول روانہ ہوئے ۔ اس موقع پر ان کے ساتھ معمول کا پروٹوکول اسٹاف تھا اور وہ نارمل انٹرنیشنل لاؤنج کے ذریعے طیارے میں سوار ہوئے۔

ادھر نئے چیف جسٹس کے حلف اٹھانے کے بعد سپریم کورٹ کی ویب سائٹ اپڈیٹ کر دی گئی، ویب سائٹ پر سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جگہ جسٹس یحییٰ آفریدی کا نام چیف جسٹس آف پاکستان کے طور پر اپڈیٹ کر دیا گیا ہے۔

 

ٹیگس