تہران میں یوم قائد اعظم کے موقع پر شاندار تقریب کا انعقاد
تہران میں ایکو کلچرل انسٹیٹیوٹ کے زیرِ اہتمام یوم قائداعظم محمد علی جناح منایا گیا۔
ایران کے دارالحکومت تہران میں قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کو منانے کے لیے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس حوالے سے تہران کے نمایاں مقامات پر تصاویر اور بل بورڈ نصب کئیے گئے۔ ان تصاویر اور بل بورڈز کے زریعے قائد اعظم محمد علی جناح کی غیر معمولی قیادت اور انکے اتحاد و آزادی کے پیغام کو اجاگر کیا گیا ۔ECO کلچرل انسٹی ٹیوٹ (ECI) میں منعقد ہونے والی تقریب میں بھی قائد کے افکار ونظریات پر روشنی ڈالی گئی۔ اس تقریب کا عنوان "قائداعظم: مسلمانوں کو آزادی اور اتحاد کی طرف ہدایت کرنے والے رہنما" تھا، تہران میں قائم ECO کلچرل انسٹی ٹیوٹ (ECI) کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی تقریب میں مختلف علمی ،ثقافتی اور سفارتی شخصیات نے شرکت کی۔
اس تقریب کا انعقاد ایران میں" اردو زبان کے طلبہ کی یونین" کے تعاون سے کیا گیا۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سعد خان، صدر ECI نے (جو خود ایک مورخ اور قائداعظم محمد علی جناح پر کئی کتابوں کے مصنف ہیں ) جناح کی بصیرت افروز قیادت اور مسلمانوں کو آزادی اور اتحاد کی طرف رہنمائی میں ان کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا۔ ڈاکٹر سعد خان نے قائداعظم کے بارے میں رہبرِ معظم آیت اللہ خامنہ ای کے تعریفی کلمات کا حوالہ بھی دیا اور ان کے ایمان اور عزم کے ساتھ قیادت کی میراث پر زور دیا۔
تقریب میں معزز مہمانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، جن میں تھران میں سفارت خانہ پاکستان کی نائب سفیر محترمہ عصمت حسن سیال مہمان خصوصی تھیں اسکے علاوہ اس تقریب میں تہران میں نائیجر کے سفیر جناب سیدو زاتو علی، تہران میں سفارت تاجکستان کے فرسٹ سیکریٹری محترم علی شیر عظیم زادہ،سربراہ اردو چئیر و پاکستان اسٹڈیز ڈاکٹر زاہد منیر عامر، تہران یونیورسٹی کے اساتذۂ ڈاکٹر علی بیات ڈاکٹر علی کاوسی نژاد، ڈاکٹر راشد نقوی اور جناب حسن نقوی شامل تھے۔
تقریب کی نمایاں جھلکیوں میں قائداعظم کو خراجِ عقیدت پیش کرنے والا ایک ملی نغمہ بھی شامل تھا جس نے حاضرین کے دلوں کو گرمایا۔ ۔ملی جذبے سے بھرپور ماحول میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں علامہ محمد اقبال پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کی روایتی پاکستانی کھانوں سے پزیرائی کی گئی۔یاد ر ہے ای سی آئی ECI ایکو کلچرل انسٹیٹیوٹ دس ممالک پر مشتمل اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن کا ثقافتی ادارہ ہے جس کے زیر انتظام اس تقریب کا انعقاد کیا گیا۔