پاک افغان سرحد پر شدید فائرنگ، 19 افغان پوسٹوں پر قبضہ کرنے کا پاکستان کا دعویٰ
پاک افغان سرحد پر افغانستان کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے بعد پاکستانی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 19 افغان پوسٹوں پر قبضہ کر لیا۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جانب سے افغانستان کی بلا اشتعال فائرنگ پر رات گئے سے جوابی کارروائی کی جارہی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغانستان کی 19 پوسٹوں پر قبضہ کرلیا ہے، جہاں سے پاکستان پر حملے کئے جا رہے تھے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق ان پوسٹوں پر موجود متعدد افغان طالبان ہلاک یا فرار ہوچکے ہیں۔ کئی افغان فوجی لاشیں، یونیفارم اور ہتھیار چھوڑ کر فرار ہوئے۔
دریں اثنا، پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے افغانستان کی جانب سے پاکستانی علاقوں پر فائرنگ کی مذمت کی ہے۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک بیان میں کہا کہ افغان فورسز کی شہری آبادی پر فائرنگ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی فورسز نے فوری جواب دے کر ثابت کیا کہ اشتعال انگیزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، پاکستانی فورسز چوکس ہیں، افغانستان کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جارہا ہے۔