پاکستان کا سپرسونک کروز میزائل ’’فتح-3‘‘ کا کامیاب تجربہ
پاکستان کا سپرسونک کروز میزائل ’’فتح-3‘‘ طویل فاصلے تک مار کرنے اور آواز کی رفتار سے زیادہ تیزی سے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔۔
سحرنیوز/پاکستان: ارنا کی رپورٹ کے مطابق، پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ بدھ کے روز فتح-3 میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔ پاکستان کی فوج نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے سپرسونک کروز میزائل ’’فتح-3‘‘ کا کامیاب تجربہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ میزائل جدید نیویگیشن اور پروپلشن نظام سے لیس ہے اور آواز کی رفتار سے زیادہ تیزی کے ساتھ طویل فاصلے پر موجود اہداف کو انتہائی درستگی اور تباہ کن صلاحیت کے ساتھ نشانہ بنا سکتا ہے۔
پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ فتح-3 کی شمولیت سے راکٹ فورس کمانڈ کی عملی صلاحیت اور حملے کی پہنچ میں اضافہ ہوگا، جبکہ ملک کی روایتی دفاعی طاقت بھی مزید مضبوط ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے تین نومبر کو بھی مقامی طور پر تیار کردہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے فضا سے فضا میں ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel