Nov ۱۰, ۲۰۲۲ ۱۴:۴۳ Asia/Tehran
  • بحرینی انتخابات کے بائیکاٹ کی حمایت

بحرین کے چودہ فروری کے انقلابی نوجوانوں کے اتحاد نے بحرین کے نمائشی پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ کئے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے بحرین کے مختلف گروہوں کی جانب سے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمل میں لائے جانے والے متحدہ اقدام کی قدردانی کی ہے۔

بارہ نومبر کو ہونے والے نام نہاد پارلیمانی انتخابات کے خلاف بحرین کے مختلف شہروں اور قصبوں میں روزانہ احتجاجی اجتماعات اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور اس ملک کی اکثریت نے اعلان کیا ہے کہ انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق چودہ فروری کے انقلابی نوجوانوں نے ایک بیان میں نمائشی پارلیمانی انتخابات کے نامزد امیدواروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے نام واپس لے لیں اور آل خلیفہ حکومت کے انتخابات کے ڈھونگ کا حصہ نہ بنیں تاکہ انتخابات میں ان کی شرکت ان کے لئے ذلت کا باعث نہ بنے۔ اس بیان میں کہا گیا ہےکہ بہت کم تعداد میں ہی لوگ ان نمائشی انتخابات میں شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ بحرین میں چودہ فروری دو ہزار گیارہ سے آل خلیفہ حکومت کی آمر و جابر حکومت کے خلاف عوامی استقامت کا سلسلہ جاری ہے۔  بحرینی عوام اپنے ملک میں آزادی، عدل و انصاف کے قیام اور جمہوری حکومت کی برقراری کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ بحرین کی آل خلیفہ حکومت اپنی آمریت بچانے کے لئے مظاہرین کو سعودی فوجیوں کی مدد سے کچل رہی ہے۔

ٹیگس