Feb ۱۲, ۲۰۱۷ ۲۱:۱۹ Asia/Tehran
  • اترپردیش: پارٹی کو اقتدار دلانے والی منفرد انتخابی نشست

تحریر: م۔ ہاشم

ہندوستان کی پانچ ریاستوں اترپردیش، پنجاب، اترا کھنڈ، منی پور اور گوا میں ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات کا عمل شروع ہوچکا ہے اور اب تک دو ریاستوں پنجاب اور گوا میں پولنگ مکمل ہوچکی ہے جبکہ سب سے اہم ریاست اترپردیش میں 11 فروری کو پہلے مرحلہ کی پولنگ ہوئي ہے۔

اترپردیش میں سات مرحلوں میں ووٹ ڈالے جائيں گے اور آخری انتخابی مرحلہ 8 مارچ کو انجام پائے گا۔ پانچوں ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی ایک ساتھ 11 مارچ کو ہوگي۔ اترپردیش سمیت پانچوں ریاستوں میں کس پارٹی کی حکومت بنے گي اور کون وزیر اعلیٰ ہوگا اس بارے میں ابھی کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا لیکن اترپردیش میں ریاستی اسمبلی کی ایک سیٹ ایسی ہے جسے سیاسی لحاظ سے خاص اہمیت حاصل ہے اور اسے  ”لکی سیٹ“ کہا جاتا ہے۔

اس سیٹ کا نام ہے ”صدر“ اور یہ ضلع سلطان پور میں واقع ہے۔ اس کی خصوصیت یہ ہے کہ گزشتہ 48 سال سے اس نشست سے جس پارٹی کا امیدوار کامیاب ہوتا ہے وہی پارٹی ریاست میں حکومت بناتی ہے۔ 

اترپردیش میں 2012 میں ہونے والے ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں اس نشست سے سماجوادی پارٹی کے امیدوار ارون کمار کامیاب ہوئے تھے اور انہیں کی پارٹی نے ریاست میں حکومت بنائي تھی۔ 2009 سے پہلے اس نشست کا نام ”جے سنگھ پور“ تھا۔ اس نشست کے لکی ہونے کا سلسلہ 1969 میں کانگریسی امیدوار شیو کمار کی کامیابی سے شروع ہوا تھا۔

گزشتہ ادوار کے انتخابات پر ایک نظر ڈالنے سے پتہ چلتا ہے کہ اس انتخابی حلقہ کے لوگ سیاسی فضا میں ہونے والی تبدیلی کو بھانپنے میں چوک نہیں کرتے لہٰذا 1977 میں جب پورے ہندوستان کی سیاسی فضا بدلی اور جنتا پارٹی کی لہر چلی تو اس نشست سے بھی جنتا پارٹی کے امیدوار مقبول حسین خان کو کامیابی حاصل ہوئي۔

 1977 کے تین سال بعد یعنی 1980 میں ایک بار پھر ریاست کی سیاسی فضا میں تبدیلی پیدا ہوئي تو اس سیٹ سے کانگریسی امیدوار دیویندر پانڈے نے فتح کا پرچم بلند کیا اور انہیں کی پارٹی نے ریاست میں اقتدار سنبھالا۔

1980 میں ہونے والے اترپردیش ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں کانگریس نے شاندار جیت حاصل کی تھی اور اس کو 309 نشستیں ملی تھیں۔ اس وقت اترپردیش کی ریاستی اسمبلی کی 425 نشستیں ہوا کرتی تھیں کیونکہ موجودہ ریاست اترا کھنڈ کا قیام اس وقت تک عمل میں نہیں آیا تھا اور یہ علاقہ بھی اترپردیش کا ہی حصہ تھا۔

 

 

ٹیگس