ایرانی ماہرین کی تیار کردہ نئی مصنوعات کی رونمائی
فضائی، خلائی،روڈ، ریلوے، جیومیٹک اور ریموٹ سنسنگ کے میدانوں میں ایران کی نالج بیسڈ کمپنیوں کے متعدد سائنٹفک نظریات مصنوعات میں تبدیل ہوکر مارکیٹ میں آگئے ہیں۔
اتوار کے روز ایران کی نالج بیسڈ کمپنیوں کی تیار کردہ جن مصنوعات کی نمائش کی گئی ان میں لائٹ اور الٹرا طیاروں کا انجن آئل، ایمرجنسی رابطہ سسٹم، بلڈنگ لوکیشن انفارمیشن مینیجمنٹ، زرعی مصنوعات کی سلامتی کا نظام اور ٹیلی ویژن نشریات کے لیے ڈیجیٹل ٹرانسمیٹر شامل ہیں۔
تقریب رونمائی میں صدر ایران کے مشیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سورنا ستاری، ایران آٹوموبائیل کمپنی کے مینیجگ ڈائریکٹر فرشاد مقیمی، ادارہ تحفظ ماحولیات کے ڈائریکٹر احمد رضا لاہیجان زادے اور ایوان صدر کے سائنس و ٹیکنالوجی آفس کے ڈائریکٹر، منوچہر منطقی بھی موجود تھے۔
ایران کی نالج بیسڈ کمپنیوں کی تیار کردہ مصنوعات سے متعلقہ صنعتوں کو فائدہ پہنچے گا اور ملک کو زرمبادلہ کی مد میں کافی بچت ہوگی۔ صدر ایران کے مشیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سورنا ستاری نے نالج بیسڈ کمپنیوں کی نئی مصنوعات کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مصنوعات سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ایرانیوں کی صلاحتیوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ نالج بیسڈ کمپنیوں کو ایرانی تہذیب و ثقافت کا آئینہ دار ہونا چاہیے۔
سورنا ستاری کا کہنا تھا کہ نالج بیسڈ کمپنیوں کو ملک کی پانچ ہزار سالہ تہذیب و ثقافت کو اپنے سامنے رکھنا چاہیے تاکہ ان کی مصنوعات دنیا بھر میں ایرانی تہذیب اور ایرانیوں کی صلاحیتوں کی پہچان بن سکیں۔ صدر ایران کے مشیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ آج دنیا بھر کے ملکوں کی طاقت کا دار و مدار سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ان کی ترقی پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنی طاقت کی ضمانت چاہتے ہیں تو ہمیں نالج بیسڈ کمپنیوں کو ترقی دینا ہوگا۔
صدر ایران کے مشیر سورنا ستاری نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ہمیں اس طرح سے کام کرنا ہوگا کہ دنیا کے دیگر ممالک ایرانی ٹیکنالوجی پر آنکھ بند کرکے بھروسہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ ایرانی مصنوعات دنیا کے دیگر ملکوں کو برآمد کی جائیں اور خاص طور سے ہمارے ہمسایہ ممالک، ایرانی مصنوعات طلب کرنے لگیں۔